جب زندگی شروع ہوگی پہلا باب: روزِقیامت


زمین کے سینے پر ایک سلوٹ بھی باقی نہیں رہی تھی۔ دریا اور پہاڑ ، کھائی اور ٹیلے ، سمندر اور جنگل، غرض دھرتی کا ہر نشیب مٹ چکا اور ہر فراز ختم ہو چکا تھا۔ دور تک بس ایک چٹیل میدان تھا اور اوپر آگ اگلتا آسمان۔ ۔ ۔ مگر آج اس آسمان کا رنگ نیلا نہ تھا، لال انگارہ تھا۔ یہ لالی سورج کی دہکتی آگ کے بجائے جہنم کے اُن بھڑ کتے شعلوں کا ایک اثر تھی جو کسی اژدہے کی مانند منہ کھولے وقفے وقفے سے آسمان کی طرف لپکتے اور سورج کو اپنی گرفت میں لینے کی کوشش کرتے۔ جہنمی شعلوں کی لپک کا یہ خوفناک منظر اور بھڑ کتی آگ کے دہکنے کی آواز دلوں کو لرزا رہی تھی۔

لرزتے ہوئے یہ دل مجرموں کے دل تھے ۔ یہ غافلوں ، متکبروں ، ظالموں ، قاتلوں اور سرکشوں کے دل تھے ۔ یہ زمین کے فرعونوں اور جباروں کے دل تھے ۔ یہ اپنے دور کے خداؤں اور زمانے کے ناخداؤں کے دل تھے ۔ یہ دل اُن لوگوں کے تھے جو گزری ہوئی دنیا میں ایسے جیے جیسے انہیں مرنا نہ تھا۔ مگر جب مرے تو ایسے ہوگئے کہ گویا کبھی دھرتی پر بسے ہی نہ تھے ۔ یہ خدا کی بادشاہی میں خدا کو نظرانداز کر کے جینے والوں کے دل تھے ۔ یہ مخلوقِ خدا پر اپنی خدائی قائم کرنے والوں کے دل تھے ۔ یہ انسانوں کے درد اور خدا کی یاد سے خالی دل تھے ۔

سو آج وہ دن شروع ہو گیا جب ان غافل دلوں کو جہنم کے بھڑ کتے شعلوں اور ختم نہ ہونے والے عذابوں کی غذا بن جانا تھا۔ ۔ ۔ وہ عذاب جو اپنی بھوک مٹانے کے لیے پتھروں اور اِن پتھر دلوں کے منتظر تھے ۔ آج اِن عذابوں کا ’یوم العید‘ تھا کہ ان کی ازلی بھوک مٹنے والی تھی۔ ان عذابوں کے خوف سے خدا کے یہ مجرم کسی پناہ کی تلاش میں بھاگتے پھر رہے تھے ۔ ۔ ۔ مگر اس میدانِ حشر میں کیسی پناہ اور کون سی عافیت۔ ہر جگہ آفت، مصیبت اور سختی تھی۔ ۔ ۔ اور ان پتھر دل مجرموں کی ختم نہ ہونے والی بدبختی تھی۔

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

خبر نہیں اس حال میں کتنے برس۔ ۔ ۔ کتنی صدیاں گزرچکی ہیں ۔ یہ حشر کا میدان اور قیامت کا دن ہے ۔ نئی زندگی شروع ہو چکی ہے ۔ ۔ ۔ کبھی ختم نہ ہونے کے لیے ۔ میں بھی حشر کے اِس میدان میں گُم سم کھڑ ا خالی آنکھوں سے سب کچھ دیکھ رہا ہوں ۔ میرے سامنے ان گنت لوگ بھاگتے ، دوڑ تے ، گرتے پڑ تے چلے جا رہے ہیں ۔ فضا میں شعلوں کے بھڑ کنے کی آواز کے ساتھ لوگوں کے چیخنے چلانے ، رونے پیٹنے اور آہ و زاری کی آوازیں گونج رہی ہیں ۔ لوگ ایک دوسرے کو برا بھلا کہہ رہے ہیں ، گالیاں دے رہے ہیں ، لڑ جھگڑ رہے ہیں ، الزام تراشی کر رہے ہیں ، آپس میں گتھم گتھا ہیں ۔

کوئی سر پکڑ ے بیٹھا ہے ۔ کوئی منہ پر خاک ڈال رہا ہے ۔ کوئی چہرہ چھپا رہا ہے ۔ کوئی شرمندگی اٹھا رہا ہے ۔ کوئی پتھروں سے سر ٹکرا رہا ہے ۔ کوئی سینہ کوبی کر رہا ہے ۔ کوئی خود کو کوس رہا ہے ۔ کوئی اپنے ماں باپ، بیوی بچوں ، دوستوں اور لیڈروں کو اپنی اس تباہی کا ذمہ دار ٹھہرا کر ان پر برس رہا ہے ۔ ان سب کا مسئلہ ایک ہی ہے ۔ قیامت کا دن آ گیا ہے اور ان کے پاس اس دن کی کوئی تیاری نہیں ۔ اب یہ کسی دوسرے کو الزام دیں یا خود کو برا بھلا کہیں ، ماتم کریں یا صبر کا دامن تھامیں ، اب کچھ نہیں بدل سکتا۔ اب تو صرف انتظار ہے ۔ کائنات کے مالک کے ظہور کا، جس کے بعد حساب کتاب شروع ہو گا اور عدل کے ساتھ ہر شخص کی قسمت کا فیصلہ ہوجائے گا۔

یکایک ایک آدمی میرے بالکل قریب چلایا:

’’ہائے ۔ ۔ ۔ اِس سے توموت اچھی تھی۔ اِس سے تو قبر کا گڑ ھا اچھا تھا۔‘‘

میں اردگرد کی دنیا سے بالکل کٹ چکا تھا کہ یہ چیخ نما آواز مجھے سوچ کی وادیوں سے حقیقت کے اس میدان میں لے آئی جہاں میں بہت دیر سے گم سم کھڑ ا تھا۔ لمحہ بھر میں میرے ذہن میں ابتدا سے انتہا تک سب کچھ تازہ ہو گیا۔ اپنی کہانی، دنیا کی کہانی، زندگی کی کہانی۔ ۔ ۔ سب فلم کی ریل کی طرح میرے دماغ میں گھومنے لگی۔

اس بھیانک دن کے آغاز پر میں اپنے گھر میں تھا۔ یہ گھر ایک ظاہر بیں نظر کے لیے قبر کا تاریک گڑ ھا تھا، مگر دراصل یہ آخرت کی حقیقی دنیا کا پہلا دروازہ اور برزخ کی دنیا تھی۔ وہ دنیا جس میں میرے لیے ختم نہ ہونے والی راحت تھی۔ اُس روز مجھ سے میرا ہمدمِ دیرینہ اور میرا محبوب دوست صالح ملنے آیا ہوا تھا۔ صالح وہ فرشتہ تھا جو دنیا کی زندگی میں میرے دائیں ہاتھ پر رہا۔ اس کی قربت موت کے بعد کی زندگی میں میرے لیے ہمیشہ باعثِ طمانیت رہی تھی اور آج بھی ہمیشہ کی طرح ہماری پرلطف گفتگو جاری تھی۔ دوران گفتگو میں نے اس سے پوچھا:

’’یار یہ بتاؤ تمھاری ڈیوٹی میرے ساتھ کیوں لگائی گئی ہے ؟‘‘

’’بات یہ ہے عبد اللہ کہ میں اور میرا ساتھی دنیا میں تمھارے ساتھ ڈیوٹی کیا کرتے تھے ۔ وہ تمھاری برائیاں اور میں نیکیاں لکھتا تھا۔ تم مجھے دو منٹ فارغ نہیں رہنے دیتے تھے ۔ کبھی اللہ کا ذکر، کبھی اس کی یاد میں آنسو، کبھی انسانوں کے لیے دعا، کبھی نماز، کبھی اللہ کی راہ میں خرچ، کبھی خدمت خلق۔ ۔ ۔ کچھ اور نہیں تو تمھارے چہرے پر ہمہ وقت دوسروں کے لیے مسکراہٹ رہتی تھی۔ اس لیے میں ہر وقت کچھ نہ کچھ لکھتا ہی رہتا تھا۔ تم نے مجھے تھکا کر مار ہی ڈالا تھا، لیکن ہم فرشتے تم انسانوں کی طرح تو ہوتے نہیں کہ برائی کا بدلہ برائی سے دیں ۔ اس لیے تمھاری اس ’برائی‘ کے جواب میں بھی دیکھو میں تمھارے ساتھ ہوں اور تمھارا خیال رکھتا ہوں ۔‘‘، صالح نے انتہائی سنجیدگی سے میری بات کا جواب دیا۔

جواب میں میں نے بھی اسی سنجیدگی سے پلٹ کر کہا:

’’تم سے زیادہ ’برائی ‘میں نے الٹے ہاتھ والے کے ساتھ کی تھی۔ وہ میرا گناہ لکھتا، مگر میں اس کے بعد فوراً توبہ کر لیتا۔ پھر وہ بے چارہ اپنے سارے لکھے لکھائے کو بیٹھ کر مٹاتا اور مجھے برا بھلا کہتا کہ تم نے مٹوانا ہی تھا تو لکھوایا کیوں تھا۔ آخرکار اس نے تنگ آ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اس شخص سے میری جان چھڑ ائیں ۔ اس لیے موت کے بعد سے اب تم ہی میرے ساتھ رہتے ہو۔‘‘

یہ سن کر صالح نے ایک زوردار قہقہہ لگایا۔ پھر وہ بولا:

’’فکر نہ کرو حساب کتاب کے وقت وہ پھر آجائے گا۔ قانون کے تحت ہم دونوں مل کر ہی تمھیں اللہ تعالیٰ کے سامنے پیش کریں گے ۔‘‘

یہ بات کہتے کہتے اس کے چہرے پر گہری سنجیدگی کے آثار نمودار ہوگئے ۔ وہ بولتے بولتے چپ ہوا اور سر جھکا کر ایک گہری خاموشی میں ڈوب گیا۔ میں نے اس کا یہ انداز آج تک نہ دیکھا تھا۔ چند لمحوں بعد اس نے سر اٹھایا تو اس کے چہرے سے ہمیشہ رہنے والی شگفتگی اور مسکراہٹ رخصت ہو چکی تھی اور اس کی جگہ خوف و حزن کے سایوں نے لے لی تھی۔ مجھے دیکھ کر وہ مسکرانے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے بولا:

’’عبد اللہ! اسرافیل کو حکم مل چکا ہے ۔ خدا کا وعدہ پورا ہونے کا وقت آ گیا ہے ۔ اہلِ زمین کی مہلت ختم ہوگئی ہے ۔ تم کچھ عرصہ مزید برزخ کے اس پردے میں خدا کی رحمتوں کے سائے میں رہو گے ، مگر میں اب رخصت ہورہا ہوں ۔ اب میں تم سے اس وقت ملوں گا جب زندگی شروع ہو گی۔ تمہاری آنکھ کھلے گی تو قیامت کا دن شروع ہو چکا ہو گا۔ میں اس روز تم سے دوبارہ ملوں گا۔‘‘

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

زندگی کے ہنگامے جاری تھے ۔ بازاروں میں وہی چہل پہل اور گہماگہمی تھی۔ نیویارک، لاس اینجلس، لندن، پیرس، شنگھائی، دہلی، ما سکو، کراچی، لا ہور ہر جگہ رونق میلے لگے ہوئے تھے ۔ رات کو دن کر دینے والی سیلابی روشنیوں میں 20,20 کرکٹ میچ اور فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلے ، ان کو دیکھتے اور تالیاں بجاتے انسان۔ پب (pub) اور بار میں شراب پیتے اور کلبوں میں اسٹرپ ٹیز (striptease) دیکھتے بدمست لوگ۔ ہالی وڈ اور بالی وڈ کی ایکشن اور تھرل فلموں میں اداکاروں کے جلوے اور ان جلو وں کے شوقین تماش بین۔ فلموں ، ڈراموں ، اسٹیج، ٹی وی، بیلے ڈانس اور فیشن شوز میں تھرکتی، مٹکتی، اپنے جسم کی نمائش کرتی ماڈلز اور اداکارائیں اور اس نمائش سے اپنی تجوریاں بھرتے سرمایہ دار۔ نئے دور کے نئے فاتح عالم۔ ۔ ۔ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مالکان اور ان کو اپنا علم و ہنر بیچ کر اپنے مستبقل کے خواب بُننے والے باصلاحیت نوجوان۔ میڈیا کی چمک دمک، صحافت کے مرچ مصالحے اور بازارِ سیاست کے ماند نہ پڑ نے والے مکر و فریب کے ہنگامے ۔ بازاروں میں گھومتے اور خریداری کرتے مرد و خواتین اور اُن کو بلاتی رِجھاتی دکانیں اور دکاندار۔ امرا کے عشرت کدوں میں گونجتے ساز و آواز، غربا کے جھونپڑ وں میں فقر و افلاس، شادیوں کی تقریبات میں خوشی کے نغمے ، جنازوں اور ہسپتالوں میں غم و الم کے سائے ۔ خدا کے نام پر اپنے مفادات کا تحفظ کرتے اہل مذہب، غریبوں اور ان کے مسائل سے ہمیشہ کی طرح بے نیاز اہل ثروت۔ کرپشن کی ناپاک کمائی سے اپنی جیبیں بھرتے سرکاری ملازم اور ملاوٹ و ذخیرہ اندوزی سے اپنی تجوریاں بھرتے ہوئے حرام خور تاجر۔ عوام کا استحصال کرتے اہل اقتدار اور دنیا پر اپنا غلبہ قائم رکھنے کے منصوبے بناتی سپر پاورز، سب اپنے اپنے مشغلوں اور کاموں میں مگن تھے ۔

اہلِ زمین جو ہمیشہ سے کرتے آئے تھے ، وہی کر رہے تھے ۔ ظلم و فساد کی داستانیں ، دھوکہ و فریب کی کہانیاں ، حرص و ہوس کی دوڑ ، غفلت اور سرکشی کے رویے ، خدا اور آخرت فراموشی، سیاسی ہنگامے ، معاشی جدوجہد، مذہبی جھگڑ ے ، طبقاتی کشمکش۔ ۔ ۔ ہر چیز ہمیشہ کی طرح جاری تھی۔ پیغمبر تو صدیوں پہلے آنے بند ہوگئے تھے ۔ ایگریکلچرل (agricultural) ایج، انڈسٹریل (industrial) ایج سے بدلی اور انڈسٹریل ایج، انفارمیشن (information) ایج سے ، مگر انسانی رویے نہیں بدلے ۔ ان کے غم بھی نہیں بدلے ۔ وہی کاروبار اور روزگار کی پریشانیاں ، وہی عشق و محبت کی ناکامیاں ، وہی موت اور بیماری کے مسائل۔ اس وقت بھی انسانوں کے ہاں ہر غم تھا، سوائے غم آخرت کے ۔ ہر خوف تھا، سوائے خوفِ خدا کے ۔ آسمان کی آنکھ یہ دیکھ رہی تھی کہ خدا کی زمین کو ظلم و فساد سے بھردینے والا انسان اب دھرتی کا ناقابلِ برداشت بوجھ بن گیا ہے ۔ سو انسان کو بار بار ہلایا گیا۔ نبی آخر الزماں کی پیش گوئیاں ٹھیک ہونے لگیں ۔ ننگے پاؤں بکریاں چرانے والے عربوں نے دنیا کی بلند ترین عمارتیں بنالیں ، مگر انسانیت ہوش میں نہیں آئی۔ نوح کے تیسرے بیٹے یافث کی اولاد یعنی یاجوج و ماجوج کی نسل دنیا کے پھاٹکوں کی مالک بن گئی۔ عظمت کی ہر بلندی سے یہی یاجوج و ماجوج ساکنانِ دنیا پر یلغار کرنے لگے ۔ برطانیہ، روس، امریکہ اور چین۔ ۔ ۔ ایک کے بعد ایک دنیا کے اقتدار کی مسند پر فائز ہوتے گئے ، آسمانی صحیفوں کی تمام پیش گوئیاں پوری ہوگئیں ، مگر انسانیت پھر بھی ہوش میں نہ آئی۔ سونامی آئے ، سیلاب آئے ، زلزلے آئے ، مگر انسانیت غفلت سے نہ نکلی۔ خدا نے انفارمیشن ایج پیدا کر دی۔ اس کے عجمی بندوں نے نبی عربی کے پیغام کو اٹھایا اور انسانیت پر حجت تمام کر دی، مگر انسانیت پھر بھی نہ سنبھلی۔ قیامت سے قبل قیامت کی منظر کشی آخری درجے میں کر کے انسانیت کو جھنجھوڑ دیا گیا، مگر لوگوں کے رویے میں کوئی تبدیلی نہ آئی۔ سو جسے آخرکار آنا تھا، وہ آ گئی۔ اسرافیل نے خدا کا حکم سنا اور صور ہاتھ میں اٹھالیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے قیامت آ گئی۔

سورج کی بساط لپیٹ دی گئی۔ تارے بے نور ہونے لگے ۔ ہمالیہ جیسے پہاڑ ہوا میں روئی کے مانند اُڑ نے لگے ۔ ۔ ۔ کہسار ریگزار بن گئے ۔ سمندروں نے پہاڑ جتنی اونچی لہریں اٹھانا شروع کر دیں ۔ ۔ ۔ میدان سمندر بن گئے ۔ زمین نے اپنے آتش فشاں باہر اگل دئے ۔ ۔ ۔ وادیوں میں آگ کے دریا بہنے لگے ۔ دھرتی نے اپنے سارے زلزلے باہر نکال پھینکے ۔ ۔ ۔ زمین الٹ پلٹ ہوگئی۔ شہر کھنڈروں میں بدلنے لگے ۔ عمارتیں خاک ہونے لگیں ۔ آبادیاں قبرستانوں کا منظر پیش کرنے لگیں ۔

کمزور انسان کی بھلا حیثیت ہی کیا تھی۔ وہ جو کچھ دیر قبل نئے گھر کی تعمیر کے منصوبے بنا رہے تھے ، نئی دکان اور نئے کاروبار کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ، شادی اور نکاح کی امیدیں باندھ رہے تھے ، نئی کار اور نئے کپڑ وں کی خریداری کر رہے تھے ، اولاد کے مستقبل کی پلاننگ میں مصروف تھے ۔ ۔ ۔ اپنے تمام ارادے اور سارے عزائم بھول گئے ۔ مائیں دودھ پیتے بچے چھوڑ کر بھاگیں ۔ حاملہ عورتوں کے حمل گرگئے ۔ طاقتور کمزوروں کو کچلتے اور نوجوان بوڑ ھوں کو چھوڑ تے بھاگنے لگے ۔ سونا چاندی سر راہ پڑ ے ہیں ، نوٹ ہوا میں اُڑ رہے ہیں ، قیمتی سامان بکھرا ہوا ہے ، مگر کوئی لینے والا، سمیٹنے والا نہیں ۔ گھر۔ ۔ ۔ کاروبار۔ ۔ ۔ رشتے دار۔ ۔ ۔ ناطہ و اسباب۔ ۔ ۔ سب غیر اہم ہو چکے ہیں ۔ ہر نفس صرف اپنی فکر میں ہے ۔ آج انسان سب کو بھول گیا ہے ، صرف ایک خدا کو پکار رہا ہے ، مگرکوئی جواب نہیں آتا۔ دہریے اور ملحد بھی نامِ خدا کی دہائی دے رہے ہیں ، مگر کوئی جائے عافیت نظر نہیں آتی۔ بربادی کے سائے پیچھا نہیں چھوڑ رہے ۔ موت ہر جگہ تعاقب کر رہی ہے ۔ مصیبت نے ہر طرف سے گھیر لیا ہے ۔ آخر کار زندگی موت سے شکست کھا گئی۔ زندگی ختم ہوگئی۔ ۔ ۔ مگر اس لیے کہ زندگی کو اب شروع ہونا تھا۔

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

ہوا کی تیز سرسراہٹ کی آواز میرے کانوں میں آنے لگی۔ بارش کی کچھ بوندیں میرے چہرے پر گریں ۔ مجھے ہوش آنے لگا۔ میں بہت دیر تک اُٹھنے کی کوشش کرتا رہا، مگر میرے حواس مکمل طور پر بیدار نہ ہو سکے ۔ کافی دیر میں اسی حال میں رہا۔ اچانک میرے کانوں میں ایک مانوس آواز آئی:

’’عبد اللہ! اٹھو جلدی کرو۔‘‘، یہ میرے ہمدمِ دیرینہ، میرے یارِ غار صالح کی آواز تھی۔ اس کی آواز نے مجھ پر جادو کر دیا اور میں ایک دم سے اٹھ کھڑ ا ہوا۔

’’میں کہاں ہوں ؟‘‘، یہ میرا پہلا اور بے ساختہ سوال تھا۔

’’تم بھول گئے ، میں نے تم سے کیا کہا تھا۔ قیامت کا دن شروع ہو گیا ہے ۔ اسرافیل دوسرا صور پھونک رہے ہیں ۔ اس وقت اس کی صدا بہت ہلکی ہے ۔ ابھی اس کی آواز سے صرف وہ لوگ اٹھ رہے ہیں جو پچھلی زندگی میں خدا کے فرمانبرداروں میں سے تھے ۔‘‘، اس نے میرا کندھا تھپکتے ہوئے کہا۔

’’اور باقی لوگ؟‘‘، میں نے اس کی بات کاٹ کر کہا۔

’’تھوڑ ی ہی دیر میں اسرافیل کی آواز بلند ہوتی چلی جائے گی اور اس میں سختی آجائے گی۔ پھر یہ آواز ایک دھماکے میں بدل جائے گی۔ اس وقت باقی سب لوگ بھی اُٹھ جائیں گے ، مگر وہ اُٹھنا بہت مصیبت اور تکلیف کا اُٹھنا ہو گا۔ ہمیں اس سے پہلے ہی یہاں سے چلے جانا ہے ۔‘‘، اس نے تیزی سے جواب دیا۔

’’مگر کہاں ؟‘‘، یہ سوال میری آنکھوں سے جھلکا ہی تھا کہ صالح نے اسے پڑ ھ لیا۔

’’تم خوش نصیب ہو عبداللہ! ہم عرش کی طرف جا رہے ہیں ۔‘‘، وہ تیزی سے قدم اٹھاتا ہوا بولا۔ مزید تفصیل بتاتے ہوئے اس نے کہا:

’’اس وقت صرف انبیا، صدیقین، شہدا اور صالحین ہی اپنی قبروں سے باہر نکلے ہیں ۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کی کامیابی کا فیصلہ دنیا ہی میں ہو گیا تھا۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے خد اکو بِن دیکھے مان لیا تھا، اُسے چھوئے بغیر پالیا تھا اور اُس کی صدا اُس وقت سن لی جب کان اُس کی آواز سننے سے قاصر تھے ۔ یہ لوگ اُس کے رسولوں پر ایمان لائے اور اُن کی نصرت اور اطاعت کا حق ادا کر دیا۔ اِن کی وفاداری اپنی مذہبی شخصیات، اپنے لیڈروں ، اپنے فرقے کے اکابرین اور اپنے باپ دادا کے عقائد اور تعصبات سے نہ تھی بلکہ صرف اور صرف خدا اور اُس کے رسولوں سے تھی۔ انہوں نے خداپرستی کے لیے ہر دکھ جھیلا، ہر طعنہ سنا اور ہر سختی برداشت کی۔ اعلیٰ اخلاق اور بلند کردار کو اپنی زندگی بنایا۔ خدا سے محبت اور مخلوق پر شفقت کے ساتھ زندگی گزاری۔ عبداللہ! آج ان لوگوں کے بدلے کا وقت ہے ۔ اور یہ ہے ان کے بدلے کا آغاز۔‘‘

صالح کی باتیں سنتے ہوئے میرے چہرے سے حیرت اور اس کے چہرے سے خوشی ٹپک رہی تھی۔

’’مگر میں تو جنت میں تھا اور۔ ۔ ۔ ‘‘، صالح نے ہنستے ہوئے میری بات کاٹ کر کہا:

’’شہزادے وہ برزخ کا زمانہ تھا۔ خواب کی زندگی تھی۔ اصل زندگی تو اب شروع ہوئی ہے ۔ جنت تو اب ملے گی۔ ویسے وہ بھی حقیقت ہی تھی۔ دیکھ لو تمھاری اور میری دوستی وہیں پر ہی ہوئی تھی۔‘‘

میں اپنا سر جھٹک کر اسے دیکھنے لگا۔ کچھ کچھ میری سمجھ میں آ رہا تھا اور بہت کچھ سمجھنا ابھی باقی تھا۔ مگر اس لمحے میں نے اپنے آپ کو صالح کے حوالے کرنا زیادہ بہتر محسوس کیا۔

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

صالح سے میری دوستی اُس وقت ہوئی تھی جب میں نے موت کے بعد یا زیادہ درست الفاظ میں فانی دنیا کے دھوکے سے نکل کر حقیقت کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ لوگ موت سے بہت ڈرتے ہیں ، مگر میرے لیے موت ایک انتہائی خوشگوار تجربہ تھی۔ ملک الموت عزرائیل کا نام دنیا میں دہشت کی ایک علامت ہے ، مگر میرے سامنے وہ ایک انتہائی خوبصورت شکل میں آئے تھے ۔ انہوں نے بہت محبت اور شفقت سے میری شخصیت یعنی میری روح کو میرے جسم سے جدا کیا۔ میرا جسمانی وجود سابقہ دنیا میں رہ گیا اور میری اصل شخصیت کو انھوں نے اِس نئی دنیا میں جس کا نام عالم برزخ تھا، منتقل کر دیا۔ برزخ کا مطلب پردہ ہوتا ہے ۔ ملک الموت کے ظاہر ہوتے ہی میرے اور پچھلی دنیا کے درمیان ایک پردہ حائل ہو گیا۔ جس کی بنا پر اُس دنیا سے میرا رابطہ ختم ہو گیا تھا۔ میں نہیں جانتا تھا کہ میری جدائی کے غم میں میرے اہل خانہ پر کیا گزر رہی تھی، لیکن مجھے یقین تھا کہ میری تربیت کی بنا پر وہ خدا کی رضا پر صابر و شا کر ہوں گے ۔

میں اپنی اصل شخصیت سمیت اب ایک نئی دنیا میں تھا۔ یہ برزخ کی دنیا تھی۔ اِس نئی دنیا میں ملک الموت عزرائیل نے مجھے جس شخص کے حوالے کیا، وہ یہی صالح تھا۔ اس کے ساتھ بہت سے خوش شکل، خوش لباس اور خوش گفتار فرشتے موجود تھے ۔ اِن سب کے ہاتھوں میں گلدستے ، زبان پر مبارکبادیاں اور سلامتی کی دعائیں تھیں ۔ مبارک سلامت کے اس ماحول میں وہ سب مل کر مجھے یقین دلا رہے تھے کہ آزمائش کے دن ختم اور جنت کی عظیم کامیابی کے دن شروع ہوگئے ۔ اس وقت صالح نے مجھے یہ خوشخبری دی کہ برزخی زندگی کے آغاز پر میرے لیے پہلا انعام پروردگارِ ارض و سماوات کے حضور پیشی ہے ۔ اس نے مجھے بتایا کہ یہ اعزاز ہر شخص کو نہیں ملتا۔ میرے لیے یہ خوشخبری جنت کی خوشخبری سے بھی زیادہ قیمتی تھی۔

ان سب کی معیت میں میرا سفر شروع ہوا۔ یہ نئی دنیا تھی۔ جہاں فاصلے ، مقامات، زمان (time) اور مکان (space) کے معنی اس طرح بدل گئے تھے کہ وہ الفاظ کے کسی جامے میں بیان نہیں ہو سکتے ۔ میں مستی و سرشاری کے عالم میں یہ سفر طے کر رہا تھا کہ ایک جگہ ہم روک دیے گئے ۔ اعلان ہوا کہ زمین کے فرشتوں کی حد آ گئی ہے ۔ سب یہاں رک جائیں ۔ صرف صالح کو میرے ساتھ آگے بڑ ھنے کی اجازت ملی۔ عالمِ سماوات کا سفر شروع ہوا۔ جلد ہی ہم ایک اور جگہ پہنچ کر رک گئے ۔ یہاں جبریلِ امین خاص طور پر میرے استقبال کے لیے آئے تھے ۔ مجھے دیکھ کر وہ کہنے لگے:

’’عبد اللہ! تم مجھ سے پہلی دفعہ مل رہے ہو، مگر میں تم سے پہلے بھی کئی دفعہ مل چکا ہوں ۔‘‘

پھر ہولے سے میرا کندھا تھپتھپاتے ہوئے بولے :

’’آقا کے حکم پر کئی دفعہ میں نے تمھاری مدد کی تھی۔ مگر ظاہر ہے تم اس وقت یہ نہیں جانتے تھے ۔‘‘

آقا کے لفظ سے میرے چہرے پر ایک روشنی پھوٹی، جسے جبریل کے نورانی وجود نے الفاظ میں ڈھلنے سے قبل ہی پڑ ھ لیا اور کہا:

’’آؤ چلو! میں تمھیں تمھارے ان داتا سے ملاتا ہوں ۔ نبیوں کے علاوہ یہ اعزاز بہت کم انسانوں کو حاصل ہوتا ہے کہ وہ اس طرح بارگارہِاحدیت میں پیش کیے جائیں ۔ تم واقعی بہت خوش نصیب ہو۔‘‘

ہم آگے بڑ ھے تو میرے ذہن میں ایک سوال پیدا ہوا جس کا پوچھھ لینا ہی مناسب خیال کرتے ہوئے میں نے جبریل علیہ السلام سے عرض کیا:

’’کیا ہم سدرۃ المنتہیٰ کی طرف جا رہے ہیں ؟‘‘

’’نہیں ۔ ۔ ۔ ‘‘، جبریل امین نے جواب دیا۔ پھر مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا:

’’تمھارے ذہن میں غالباً معراج والی بات ہے ۔ وہ انبیا کا راستہ ہے ۔ انبیا کی حضوری کے مقامات بہت اعلیٰ ہوتے ہیں۔ پھر انہیں مشاہدات بھی کرائے جاتے ہیں ۔ تمھارا راستہ بالکل الگ ہے ۔ تمھیں صرف بارگاہِ الوہیت میں سجدے کا اعزاز بخشنے کے لیے بلایا گیا ہے ۔ اور غالباً تمھاری وجہ سے صالح کو بھی یہاں تک آنے کی اجازت ملی ہے ۔‘‘

اس لمحے میں نے صالح کو دیکھا جس کا چہرہ خوشی سے دمک رہا تھا۔ جبریل امین نے گفتگو کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا:

’’خدا کی ہستی لامحدود ہے ۔ اس کے مقامات بھی لامحدود ہیں ۔ تمھاری دنیا میں ان مقامات کا کوئی اندازہ نہیں کیا جا سکتا۔ جو کچھھ تم دنیا میں جانتے تھے وہ بہت محدود اور کم تھا۔ آج مرنے کے بعد تمھاری آنکھیں کھلی ہیں ۔ اب تم وہ دنیا دیکھنا شروع ہوگئے ہو جس کے کمالات کی کوئی حد نہیں ۔‘‘

میں جو کچھھ دیکھ رہا تھا وہ واقعی جبریل امین کی سچائی کا ثبوت تھا۔ میں نے دل میں سوچا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں کفر و نافرمانی کے حال میں نہیں مرا۔ وگرنہ آنکھیں تو اُس وقت بھی کھلتیں ، مگر جو کچھھ دیکھنے کو ملتا وہ بہت زیادہ برا اور بھیانک ہوتا!

جبریل امین کی معیت میں ہم مختلف مراحل طے کرتے ہوئے حاملین عرش کے قریب پہنچے ۔ یہاں نور، رنگ اور روشنی کا ایک ایسا حسین اور لطیف امتزاج چھایا ہوا تھا جو بیان کی گرفت سے باہر تھا۔ حاملین عرش کے سر جھکے ہوئے تھے ۔ چہرے پر خشیت کا اثر اور طمانیت کا نور پھیلا ہوا تھا۔ جبریل امین نے بتایا:

’’پروردگار کی بارگاہ کا ہر حکم انہی فرشتوں کی وساطت سے نیچے جاتا اور نیچے والوں کا ہر فعل انہی کے ذریعے سے عالم کے پروردگار کے حضور پیش کیا جاتا ہے ۔‘‘

میں قربِ الٰہی کے اس مقام کو رشک بھری نظروں سے دیکھ رہا تھا۔ انہوں نے بھی نظر اٹھا کر مجھے دیکھا اور لمحہ بھر کے لیے ان کے چہروں پر مسکراہٹ آئی۔ میرا حوصلہ بڑ ھا۔ میں نے قدم عرش کی سمت بڑ ھائے ۔ میرے روئیں روئیں سے اُس ہستی کی حمد و ثنا بلند ہونے لگی جس سے ملنے کی خواہش میں ساری زندگی گزاردی تھی۔

پھر چلتے چلتے مجھ پر نجانے کیوں لزرہ طاری ہونے لگا۔ خدا سے ملنے کی شدید ترین خواہش پر اس کی عظمت کا احساس غالب آ گیا۔ اس لمحے مجھ پر اتنا شدید رعب طاری ہوا کہ میں گھبرا کر واپس پیچھے ہٹنے لگا۔ گرچہ عرش ابھی بہت دور تھا، مگر صاحبِعرش کی عظمت کے احساس سے میری ہمت ٹوٹ گئی۔ مجھے لگا کہ اس لمحے میرا وجود کرچی کرچی ہوکر فضا میں بکھر جائے گا۔ شاید یہی ہوتا، مگر ایسے میں میرے کانوں میں جبریل امین کی آواز آئی:

’’یہیں سجدے میں گرجاؤ۔ اس مقام سے آگے صرف انبیاے کرام جاتے ہیں ۔‘‘

میں اور صالح دونوں سجدے میں چلے گئے ۔ جسے بن دیکھے سجدہ کیا تھا، آج پہلی دفعہ اسے دیکھھ کر سجدہ کیا تھا۔ دیکھا تو خیر کیا تھا۔ بس آثار دیکھ لیے تھے ۔

یہ سجدہ کتنا طویل اور کتنا لذید تھا، مجھے نہیں یاد۔ جس نے سورج کو روشنی کی ردا اور چاند کو نور کی قبا پہنائی، پھولوں کو مہک اور تتلیوں کو رنگ کا لباس پہنایا، تاروں کو چمک کا لہجہ اور کلیوں کو چٹک کی آواز عطا کی، آسمان کو رفعت کا تاج اور سمندروں کو وسعت کا تخت بخشا، زمین کو زرخیزی کی نعمت اور دریاؤں کو بہاؤ کا حسن عطا کیا اور جس نے انسان کو بیان کا وصف اور نزولِ قرآن کا شرف بخشا، اس کے قدموں میں گزارا ہوا ایک ایک لمحہ ہفت اقلیم کی بادشاہی سے بڑ ھ کر تھا۔ مگر اس لمحے کو تمام ہونا ہی تھا۔ حاملین عرش کی دلکش صدا بلند ہوئی:

’’ھو اللہ لا الہ الا ھو۔‘‘

یہ اعلان تھا کہ صاحب عرش کلام کر رہا ہے ۔ آواز آئی:

’’میں اللہ ہوں ۔ میرے سوا کوئی معبود نہیں ۔‘‘

ہر سُر سے لذیذ تر اس صدا میں وہ سحر تھا کہ میرا وجود سراپا گوش ہو گیا۔ میرا پورا جسم اور اس کی ہر ہر قوت کانوں اور سماعت میں سمٹ آئی۔ میں مزید کچھ سننے کا منتظر تھا۔ مگر گفتگو میں ایک وقفہ آ گیا تھا۔ مجھے احساس ہوا کہ شاید اب مجھے کچھ کہنا چاہیے ۔ جو پہلی بات میری زبان پر آئی وہ یہ تھی:

’’مالک! زندگی میں یہی ایک حقیقت تو جانی ہے ۔‘‘

میری یہ بات میرے اپنے کان بمشکل سن سکے تھے ۔ مگر حاضر و غائب کے جاننے والے اور دلوں کے بھید پالینے والے تک وہ پہنچ گئی تھی۔ جواب ملا:

’’مگر یہ بات جاننے والا ہر شخص یہاں تک نہیں آتا۔ ۔ ۔ جانتے ہو عبد اللہ! تم یہاں تک کیسے آ گئے ؟‘‘

اس دفعہ میرے شہنشاہ کے لہجے کے جاہ و جلال میں اپنائیت کا رنگ جھلک رہا تھا۔

’’اس لیے کہ تمھاری زندگی کا مقصد لوگوں کو میرے بارے میں بتانا تھا۔ میری ملاقات سے خبردار کرنا تھا۔ تم نے میری یاد کو۔ ۔ ۔ میرے کام کو اپنی زندگی بنالیا۔ یہ اس کا بدلہ ہے ۔‘‘

آسمان و زمین کے مالک کی گفتگو اور آواز سنتے رہنا میری زندگی کی شدید ترین خواہش بن چکی تھی، مگر ایک دفعہ پھر مالک الملک اپنی بات کہنے کے بعد ٹھہرگئے ۔ مجھے محسوس ہوا کہ میرا رب مجھے بولنے کا موقع دے رہا ہے ۔ میں نے عرض کیا:

’’کیا میں آپ کے پاس یہاں رُک سکتا ہوں ؟‘‘

’’مجھ سے کوئی دور نہیں ہوتا۔ نہ میں کسی سے دور ہوتا ہوں ۔ میرا ہر وہ بندہ جو میری یاد میں جیتا ہے ، وہ میرے ہی پاس رہتا ہے ۔ ۔ ۔ اور کچھھ۔ ۔ ۔ ‘‘

آخری بات سے مجھے اندازہ ہوا کہ ملاقات کا وقت ختم ہورہا ہے ۔ میں نے عرض کیا:

’’میرے لیے کیا حکم ہے ؟‘‘

’’حکم کا وقت گزرگیا ہے ۔ اب تو تمھیں حکمران بنانے کا وقت آ رہا ہے ۔ فی الحال تم واپس جاؤ۔ زندگی ابھی شروع نہیں ہوئی۔‘‘

میں نے چلتے چلتے عرض کی:

’’آپ قیامت کے دن مجھے بھولیں گے تو نہیں ۔ میں نے اس دن کی وحشت اور آپ کی ناراضی کا بہت ذکر سن رکھا ہے۔‘‘

فضا میں ایک حسین تبسم بکھر گیا۔ کھنکتے ہوئے لہجے میں صدا آئی:

’’بھولنے کا عارضہ تم انسانوں کو ہوتا ہے ۔ بادشا ہوں کا بادشاہ۔ ۔ ۔ تمھارا مالک، تمھارا رب کچھھ نہیں بھولتا۔ رہا میرا غصہ، تو وہ میری رحمت پر کبھی غالب نہیں آتا۔ تم نے تو زندگی بھر مجھے امید اور خوف کے ساتھ یاد رکھا ہے ۔ میں بھی تمھیں درگزر اور رحمت کے ساتھ یاد رکھوں گا۔ لیکن۔ ۔ ۔ ‘‘، ایک لمحے کے شاہانہ توقف کے بعد ارشاد ہوا:

’’تمھاری تسلی کے لیے میں صالح کو تمھارے ساتھ کر رہا ہوں ۔ یہ ہر ضرورت کے موقع پر تمھارا خیال رکھے گا۔‘‘

یہ تھی میری اور صالح کی پہلی ملاقات کی روداد اور اس کے میرے ساتھ رہنے کی اصل وجہ۔ عالمِ برزخ میں میری زندگی جسم کے بغیر تھی۔ اس میں میرے احساسات، جذبات، تجربات اور مشاہدات کی کیفیت ویسی ہی تھی جیسی خواب میں ہوتی ہے ۔ یعنی غیر مادی مگر شعور سے بھرپور زندگی جس میں مجھے ان نعمتوں کا مکمل احساس رہتا جو جنت میں مجھے ملنے والی تھیں ۔ صالح میری خواہش پر وقفے وقفے سے مجھ سے ملنے آتا رہا۔ ہر دفعہ وہ مجھے نت نئی چیزوں کے بارے میں بتاتا رہتا اور میرے ہر سوال کا جواب دیتا۔ آہستہ آہستہ ہماری دوستی بڑ ھتی گئی۔ پھر آخری ملاقات میں اِس نے مجھے بتایا تھا کہ ’زندگی‘ شروع ہونے جا رہی ہے ۔ اور اب میں اس کے ساتھ میدانِ حشر کو تیزی کے ساتھ عبور کرتا ہوا عرش کی طرف بڑ ھ رہا تھا۔

۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

چلتے چلتے میں نے اردگرد دیکھا تو تاحد نظر ایک ہموار میدان نظر آیا۔ ماحول کچھھ ایسا ہورہا تھا جیسا فجر کی نماز کے بعد اور سورج نکلنے سے قبل کا ہوتا ہے ۔ یعنی ہلکا ہلکا اجالا ہر طرف پھیلا ہوا تھا۔ اس وقت اس میدان میں کم ہی لوگ نظر آ رہے تھے ۔ مگر جو تھے ان سب کی منزل ایک ہی تھی۔ میرے دل میں سوال پیدا ہوا کہ ان میں سے کوئی نبی یا رسول بھی ہے ؟ میں نے صالح کو دیکھا۔ اسے معلوم تھا کہ میں کیا پوچھھ رہا ہوں ۔ کہنے لگا:

’’وہ سب کے سب پہلے ہی اٹھ چکے ہیں ۔ ہم انہی کے پاس جا رہے ہیں ۔‘‘

’’کیا ان سے ملاقات کا موقع ملے گا؟‘‘، میں نے بچوں کی طرح اشتیاق سے پوچھا۔

وہ چلتے چلتے رکا اور دھیرے سے بولا:

’’اب انہی کے ساتھ زندگی گزرے گی۔ عبداللہ! تم ابھی تک نہیں سمجھ پائے کہ کیا ہورہا ہے ۔ آزمائش ختم ہو چکی ہے۔ دھوکہ ختم ہو گیا ہے ۔ اب زندگی شروع ہورہی ہے جس میں اچھے لوگ اچھے لوگوں کے ساتھ رہیں گے اور برے لوگ ہمیشہ برے لوگوں کے ساتھ رہیں گے ۔‘‘

اصل میں بات یہ تھی کہ میں ابھی تک شاک (Shock) سے نہیں نکل سکا تھا۔ دراصل ابھی تک نئی دنیا کا سارا تعارف عالمِ برزخ میں ہوا تھا۔ وہ ایک نوعیت کی روحانی دنیا تھی۔ مگر یہاں حشر میں تو سب کچھ مادی دنیا جیسا تھا۔ میرے ہاتھ پاؤں ، احساسات، زمین آسمان ہر چیز وہی تھی، جس کا میں پچھلی دنیا میں عادی تھا۔ وہاں میرا گھر تھا، گھر والے تھے، میر ا محلہ، میرا علاقہ، میری قوم۔ ۔ ۔ یہ سب سوچتے سوچتے میرے ذہن میں ایک دھماکہ ہوا۔ میں نے رک کر صالح کو دونوں ہاتھوں سے پکڑ لیا:

’’میرے گھر والے کہاں ہیں ؟ میرے رشتہ دار، احباب سب کہاں ہیں ؟ ان کے ساتھ کیا ہو گا؟ وہ نظر کیوں نہیں آ رہے؟‘‘

صالح نے مجھ سے نظریں چرا کر کہا:

’’جن سوالوں کا جواب مجھے نہیں معلوم وہ مجھ سے مت پوچھو۔ آج ہر شخص تنہا ہے ۔ کوئی کسی کے کام نہیں آ سکتا۔ اگر ان کے اعمال اچھے ہیں ، تو یقین رکھو وہ تم سے آملیں گے ۔ ان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہو گی۔ اور اگر ایسا نہ ہوا تو۔۔۔‘‘

صالح جملہ نامکمل چھوڑ کر خاموش ہو گیا۔ اس کی بات سن کر میرا چہرہ بھی بجھھ گیا۔ اس نے میرے کندھے پر ہاتھ رکھھ کر میرا حوصلہ بڑ ھایا اور کہا:

’’اللہ پر بھروسہ رکھو۔ تم خدا کے لشکر میں لڑ نے والے ایک سپاہی تھے ۔ اس لیے پہلے اُٹھھ گئے ہو۔ باقی لوگ ابھی اٹھھ رہے ہیں ۔ انشاء اللہ وہ لوگ بھی خیر کے ساتھ تم سے مل جائیں گے ۔ ابھی تو تم آگے چلو۔‘‘

اس کی تسلی سے مجھے کچھ حوصلہ ہوا اور میں سبک رفتاری سے اس کے ساتھ چلنے لگا۔

جاری ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔

کچھ وضاحتیں کچھ معذرتیں

والٹئیر (1694-1778)کا شمار دورِروشن خیالی کے ان نمایاں ترین لوگوں میں ہوتا ہے جن کے افکار و خیالات پر مغربی تہذیب کی موجودہ عمارت نے اپنی بنیادیں رکھی تھیں ۔ والٹئیر کے زمانے میں پرتگال کے شہر لزبن میں ایک زلزلہ آیا جس کے ساتھ آنے والے سونامی طوفان اور پھر شہر میں پھیلنے والی آگ نے قیامت مچادی۔ لاکھوں کی آبادی کا شہر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ اس سانحے نے یورپ بھر کو ہلا کر رکھ دیا۔ نہ صرف سیاسی، معاشی اور معاشرتی سطحوں پر بلکہ فلسفہ و افکار کی دنیا پر بھی اس تباہی کے زبردست اثرات ہوئے ۔ اس واقعے سے متأثر ہوکر والٹئیر نے پہلے ایک نظم Poem on the Lisbon Disaster اور پھر Candide کے نام سے ایک ناول لکھا۔ اس کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ بے رحم حوادث کی اس دنیا میں مسیحیت کے پیش کردہ کسی ایسے خدا کے تصور کی کوئی گنجائش نہیں جو اس بڑ ے پیمانے پر ہلاکتیں اور عذاب نازل کرتا ہے جس میں بے گناہ اور گناہگار سب یکساں طور پر مارے جاتے ہیں ۔

ابتدا میں والٹئیر کا یہ کام پابندیوں شکار ہوا، مگر جلد ہی اس میں پیش کردہ افکار وقت کی زبان بن گئے اور ایک زمانہ آیا کہ مغربی معاشروں میں خدا کا نام لینا ایک احمقانہ بات بن گئی۔ بعد کے زمانوں میں خدا کا تصور تو کسی نہ کسی طور پر قبول کر لیا گیا لیکن آخرت کا وہ تصور جو خدا کے عدل کامل کا ثبوت اور دنیا میں پائی جانے والی ناہمواریوں کی حقیقی توجیہہ ہے ، کبھی عام نہ ہو سکا۔ والٹئیر ایک مسیحی پس منظر رکھتا تھا جہاں آخرت کے تصورات انتہائی مبہم اور غیر معقول ہیں ۔ اسی لیے وہ اپنے ذہن میں پیدا ہونے والے سوالات کا صحیح جواب نہ تلاش کرسکا اور انکار خدا و آخرت کی اس تحریک کا بانی بن گیا جو اب دھرتی کے خشک و تر پر حکمران ہے ۔

خوش قسمتی سے مسلمانوں کے پاس قرآن مجید جیسی کتاب ہے جو یہ بتاتی ہے کہ دنیا کی کہانی کا دوسرا اور آخری باب آخرت ہے جس کے بغیر حیات و کائنات کے بارے میں کسی حقیقت کو درست طور پر نہیں سمجھا جا سکتا۔ آج مسلم معاشروں میں یورپ کے دور روشن خیالی کی طرح مذہبی انتہا پسندی اور بے لگام روشن خیالی کے درمیان ایک تصادم برپا ہے ۔ اس تصادم میں قبل اس کے کہ ہماے ہاں کوئی والٹئیر اٹھے ، ناول ہی کی زبان میں انسانی کہانی کے دوسرے اور آخری باب کی کچھ تفصیل قارئین کے سامنے پیش ہے۔

مجھے اس تفصیل کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ اردو ادب کے قارئین عام طور پر جاسوسی، رومانوی، تاریخی اور معاشرتی حوالوں سے لکھے گئے ان ناولوں ہی سے واقف ہیں جو روایتی طور پر ہمارے ہاں لکھے اور پڑ ھے جاتے ہیں ۔ تاہم ناول نگاری کا دائرہ درحقیقت اس سے کہیں زیادہ وسیع ہوتا ہے ۔ ہر ایک ناول کا پلاٹ، اس کی اٹھان، اس کے کردار، واقعات اور مکالموں کا انحصار ناول نگاری کی اُس خاص صنف پہ ہوتا ہے جس پر وہ ناول مبنی ہوتا ہے ۔ پیش نظر ناول ’’جب زندگی شروع ہو گی‘ ‘ایسا ہی ایک غیر روایتی ناول ہے ۔ مگر غیر روایتی ہونے کے باوجود یہ ایک فکشن ہی ہے ۔ ہر ناول ایک فکشن ہوتا ہے جو تصورات کی دنیا میں امکانات کے گھروندے تعمیر کرتا ہے ۔ تاہم یہ گھروندے ممکنات کے کتنے ہی آسمان چھولیں ، ان کی بنیاد حقیقت کی زمین ہی پر رکھی جاتی ہے ۔ میرا یہ ناول اپنے مرکزی کردار اور اُس کے ساتھ پیش آنے والے متعین واقعات کے لحاظ سے ایک فکشن ہے ، مگر یہ فکشن امکانات کی جس دنیا سے آپ کو روشناس کرائے گا وہ اس کائنات کی سب سے بڑ ی حقیقت ہے ۔ بدقسمتی سے آج یہ حقیقت انسانی نگا ہوں سے پوشیدہ ہے ، مگر اب وہ وقت دور نہیں رہا جب امکانات کی یہ دنیا ایک برہنہ حقیقت بن کر ظاہر ہوجائے گی۔

بات اگر صرف اتنی ہی ہوتی تب بھی اس ناول کا مطالعہ دلچسپی سے خالی نہ ہوتا، مگر مسئلہ یہ ہے کہ جلد یا بدیر اس ناول کا ہر قاری اور اس دنیا کا ہر باسی خود اس فکشن کا حصہ بننے والا ہے اور اس کے کسی نہ کسی کردار کو نبھانا اس کا مقدر ہے ۔ یہی وہ المیہ ہے جس نے مجھے قلم اٹھا کر اس میدان میں اترنے پر مجبور کیا ہے ۔

میرا مقصود صرف یہ ہے کہ غیب میں پوشیدہ امکانات کی اس دنیا کو فکشن کے ذریعے سے ایک زندہ حقیقت بنا کر عام لوگوں کے سامنے پیش کر دیا جائے ۔ یہ ایک بہت مشکل اور نازک کام ہے ۔ اس لیے کہ آنے والی اس دنیا کی کوئی حقیقی تصویر ہمارے سامنے نہیں اور نہ اس مقصد کے لیے تخیل کے گھوڑ ے بے لگام دوڑ ائے جا سکتے ہیں ۔ مگر خوش قسمتی سے پیغمبر آخر الزماں علیہ الصلوۃ والتسلیم کی تعلیمات میں ہمیں آنے والی اس دنیا کی وہ تصویر مل جاتی ہے جس کی بنیاد پر میں نے اس دنیا کی ایک منظر کشی کرنے کی کوشش کی ہے ۔ اس عمل میں ناول نگاری کے تقاضوں کی بنا پر مکالمہ نویسی اور تصور آرائی دونوں ناگزیر تھے ۔ تاہم یہ نازک کام کرتے وقت ہر قدم پر پروردگار عالم کی صفات عالیہ سے متعلق قرآنی بیانات اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات میرے پیش نظر رہے ۔ پھر بھی یہ ایک نازک معاملہ ہے جس میں سہو کا امکان پایا جاتا ہے ۔ میں اپنے پروردگار سے اس کی شان کریمی کی بنا پر درگزر کی توقع رکھتا ہوں ۔

یہاں قارئین کو میں اپنے اس احساس میں بھی شریک کرنا چاہتا ہوں کہ میں ابتدا میں اس ناول کو عام لوگوں کے لیے شائع نہیں کرنا چاہتا تھا۔ میں تو بس روز قیامت کے حوالے سے اپنے کچھ احساسات کو الفاظ کے قالب میں منتقل کرنے بیٹھا تھا، مگر دیکھتے ہی دیکھتے اس ناول کے ابتدائی آٹھ ابواب چند ہی دنوں میں مکمل ہوگئے ۔ اس کے بعد انھیں پڑ ھنا شروع کیا تو میں اس نتیجے پر پہنچا کہ جو کچھ لکھا ہے اسے شائع نہیں ہونا چاہیے ۔ البتہ چند احباب کو یہ صفحات مطالعے کے لیے دیے ۔ ان کی رائے مجھ سے نہ صرف قطعاً برعکس تھی بلکہ پڑ ھنے والوں پر اس کے غیر معمولی اثرات ہوئے ۔ ان میں بیشتر کے لیے یہ ایک جھنجھوڑ کر رکھ دینے اور زندگی بدل دینے والا تجربہ تھا۔ ان کا بے حد اصرار تھا کہ اس ناول کو مکمل کر کے شائع کیا جائے ۔

تاہم میں ذہناً اس کی تکمیل پر خود کو آمادہ نہیں کرپا رہا تھا۔ مگر جب احباب کا اصرار بے حد بڑ ھا تو میں نے باقی ناول مکمل کرنے سے قبل استخارہ کرنا شروع کیا۔ اس کے نتیجے میں ذہن ایک دفعہ پھر یکسو ہو گیا اور میں نے ناول مکمل کر لیا۔ احباب کے اصرار پر یہ ناول مکمل تو ہو گیا، مگر اس کی عام اشاعت کے لیے میں پھر بھی تیار نہ تھا۔ مگر ناول کی تکمیل کے چند دنوں بعد مجھے یہ معلوم ہوا کہ ایک مہلک مرض نے وجود ہستی کے دروازے پر موت کی دستک دے دی ہے ۔ اسی وقت یہ حتمی فیصلہ ہو گیا کہ یہ ناول انشاء اللہ اب ضرور شائع ہو گا۔

لوگ مجھے عالم اور ادیب سمجھتے ہیں ، مگر درحقیقت میرے پاس کسی ادیب کا قلم ہے اور نہ کسی عالم کا دماغ۔ میرا کل سرمایہ بس ایک درد دل ہے ۔ یہ درد جب بہت بڑ ھا تو اس ناول کے قالب میں ڈھل گیا۔ اس نازک میدان میں اترنے کے لیے یہی میرا واحد عذر ہے ۔ یہ عذر بارگاہ الٰہی میں مقبول ہو سکتا ہے ، اگر میں کُل عالم کے نگہبان کو اس کی کھوئی ہوئی بھیڑ یں لوٹانے میں کامیاب ہوجاؤں ۔ آج کے دور میں لوگ غیب کی کسی پکار کو سننے کا وقت رکھتے ہیں نہ دلچسپی، مگر شاید یہ فکشن ہی انہیں اپنے رب کی بات سننے کے لیے آمادہ کر دے ۔ شاید اسی طرح خدا کو اس کا کوئی بندہ یا بندی مل جائے ۔ شاید جہنم کی طرف بڑ ھتے ہوئے کسی کے قدم واپس لوٹ آئیں ۔ شاید جنت کی دنیا میں ایک باسی اور بڑ ھ جائے ۔ ایسا ہوا تو یہ میری محنت کا حاصل ہو گا۔

آواز دے کے دیکھ لو شاید وہ مل ہی جائے
ورنہ یہ عمر بھر کا سفر رائگاں تو ہے

جا ری ہے
مصنف: ابو یحیی

جب زندگی شروع ہو گی دراصل ایک ناول ہے جو آٹھ ابواب پر مشتمل ہے۔ یہ ناوال ابویحیی صاحب کا تحریر کردہ ہے۔ جس میں وہ قرآن و سنت کی روشنی میں محشر کے دن کا احوال بیان کر رہے ہیں۔ واقعات کس انداز میں رونما ہوں گے۔ حساب کتاب کا عمل کس انداز سے ہو گا اور نیک و کار اور گناہ گاروں کے ساتھ کس قسم کا معاملہ کیا جائے گا۔ ناول کا تعارف ابویحییٰ کی زبانی جاننے کے لیے سب سے پہلے باب کا مطالعہ کیجیے جو کہ یاسر عمران مرزا کے بلاگ پر موجود ہے۔ نیچے تمام حصوں کے روابط دیے گئے ہیں۔ والسلام

جب زندگی شروع ہو گی کے تمام ابواب

جب زندگی شروع ہوگی پہلا باب: روزِقیامت
جب زندگی شروع ہوگی دوسرا باب:عرش کے سائے میں
جب زندگی شروع ہوگی تیسرا باب: میدان حشر
جب زندگی شروع ہوگی چوتھا باب: ناعمہ
جب زندگی شروع ہوگی پانچواں باب : دو سہیلیاں
جب زندگی شروع ہوگی چھٹا باب: آج بادشاہی کس کی ہے ؟
جب زندگی شروع ہوگی ساتواں باب: حضرت عیسیٰ کی گواہی

About Yasir Imran

Yasir Imran is a Pakistani living in Saudi Arabia. He writes because he want to express his thoughts. It is not necessary you agree what he says, You may express your thoughts in your comments. Once reviewed and approved your comments will appear in the discussion.
This entry was posted in Just-Shared, Urdu and tagged , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , , . Bookmark the permalink.

29 Responses to جب زندگی شروع ہوگی پہلا باب: روزِقیامت

  1. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی پہلا باب: روزِقیامت (via Yasir Imran Mirza) « In islamic world Blog

  2. Nazim Gujrat says:

    Dear Yasir Imran,
    I read and like your blog from long time and also subscribed to you via email.
    Would you please write some blogposts for any or all of my 20 blogs. and in return you will get quality backlinks. I also offer you to exchange links with my blogs. Please reply me on web_nazam@live.com

    • Yasir Imran says:

      Dear Nazim.
      I must say this comment is off the topic. I shared a beautiful post and you didn’t say anything about it ?
      However, no issue. I have a very busy schedule and I’ll try to visit your blogs and write something about it very soon.
      Thank you for comments.

  3. fozia7 says:

    nice blog but it is to long. i am new to blogging can you please help me to become blogger like u.

    • Yasir Imran says:

      Fozia, Thank you for visiting my blog and liking it. Blogging is not a rocket science and you can learn it easily. But you have to spent time with it, doing experiments, Also keep visiting other blogs and check what other bloggers are writing about. And how can you attract more visitors to your blog? I have written a post on that. You may check it.

      14 Tips For Better Blogging

  4. جزاک اللہ خیر، اللہ تعالی آپ کواورابویحیی صاحب کواس کابہت زیادہ اجردے۔ اللہ تعالی پم پراپنی رحمت ونوازش کی بارش کردیں تاکہ ہم دین ودنیامیں کامیاب وکامران ٹھہریں۔ آمین ثم آمین

  5. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی تیسرا باب: میدان حشر | Yasir Imran Mirza

  6. Maria says:

    Thank you yasir bhai

  7. خرم says:

    ماشاء اللہ اچھی کاوش لگ رہی ہے۔ باقی کی باتیں انشاء اللہ باقی کے ابواب کے پڑھنے کے بعد۔

  8. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی ساتواں باب: حضرت عیسیٰ کی گواہی | Yasir Imran Mirza

  9. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی دوسرا باب:عرش کے سائے میں | Yasir Imran Mirza

  10. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی پانچواں باب : دو سہیلیاں | Yasir Imran Mirza

  11. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی چھٹا باب: آج بادشاہی کس کی ہے ؟ | Yasir Imran Mirza

  12. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی چوتھا باب: ناعمہ | Yasir Imran Mirza

  13. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی آٹھواں باب: حوض کوثر پر | Yasir Imran Mirza

  14. ماشاءاللہ یہ تحریر تو بہت ہی عمدہ اور پُر اثر ہے، اتفاقیہ طور پر میں یہاں آن پہنچا مگر اب پُورا پڑھ کر ہی دم لوں گا، اللہ تعا لٰی آپ کو اورابویحیٰی کو اسکی جزا دے، آٰمین۔

  15. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی نواں باب: قوم نوح اور دین بدلنے والے | Yasir Imran Mirza

  16. ARDanish says:

    Dear Brother

    Salam

    Thank you for your this series, and how I say Thank you.
    .
    .
    Keep it upgrade more..
    .
    Jazakallah
    .

  17. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی دسواں باب: حساب کتاب اور اہل جہنم | Yasir Imran Mirza

  18. مصطفٰی says:

    پلیز اگر کسی کے پاس ـداستان ایمان فروشوں کی ہو تو اپ لوڈ کر دیں

    • Yasir Imran says:

      مصطفی بھائی اگر مجھے یہ ناول ملا تو میں اپ لوڈ کر دوں گا۔ بعض اوقات کاپی رائٹ کی مشکلات کی وجہ سے کئی چیزیں شئر نہیں بھی کی جا سکتیں۔

  19. ayesha Khalid says:

    thank u so much for sharing,,,,,,,JazakALLAH

  20. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی دسواں باب: حساب کتاب اور اہل جہنم | Yasir Imran Mirza

  21. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی نواں باب: قوم نوح اور دین بدلنے والے | Yasir Imran Mirza

  22. Pingback: جب زندگی شروع ہوگی آٹھواں باب: حوض کوثر پر | Yasir Imran Mirza

Leave a comment