الحمدللہ سعودی عرب میں رہنے کے دیگر فوائد کے ساتھ یہ بھی ایک اہم فائدہ ہے کہ بندہ جب چاہے اللہ تعالی کے گھر پر حاضری دے سکتا ہے۔ لیکن میرا یہ ماننا ہے کہ ایسا تبھی ممکن ہے جب آپ کو اللہ تعالی کی طرف سے بلاوا آئے، باری تعالی کی رضا کے بغیر آپ اس کے مہمان کبھی نہیں بن سکتے۔ یہاں بیشتر ایسے افراد موجود ہیں جو عرصہ پندرہ سال یا اس سے بھی زیادہ سے قیام پذیر ہیں لیکن اس عرصہ میں انہیں ایک بار بھی حج کی سعادت حاصل نہہوئی، اس طرح بعض اوقات ہم خود ارادہ کرتے ہیں کہ فلاں دن ضرور مکہ جائیں گے مگر کوئی نہ کوئی ایسی رکاوٹ بن جاتی ہے کہ بندہ جا نہیںپاتا۔ پھر کبھی ایسا بھی ہو تا ہے کہ ہمارا اپنا ارادہ ہی نہیں ہوتا اور اچانک پروگرام بن جاتا ہے، کوئی جا رہا ہوتا ہے تو ہمیں بھی دعوت دے دیتا ہے تو ہم بھی اٹھ کر اس کے ساتھ چل پڑتے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک احتیاط میں ضرور کرتا ہوں کہ مجھے جب بھی کوئی مکہ مکرمہ جانے کے لیے کہے میں انکار کرنے کی کوشش نہیں کرتا، چاہے میں بہت تھکا بھی ہوں، چاہے رات کو تاخیر سے واپسی کا امکان ہو اور صبح دفتر بھی جانا ہو، کیوں کہ میںسمجھتا ہوں مکہ جانے کا ہر ایک موقعہ دراصل اللہ تعالی کی طرف سے ایک بلاوا ہے اور اللہ تعالی کی بلانے پر جو کوئی اس کے گھر نہ جائے اس سے زیادہ بد بخت کون ہو سکتا ہے۔ ویسے تو نماز بھی اللہ تعالی کی طرف بلانا ، اس لیے میں کوشش کرتا ہوں کہ نماز بھی پڑھ سکوں باقاعدگی سے۔
16 جنوری کو جب صدی کا سب سے بڑا سورج گرہن ہوا میں عمرہ کی نیت سے گھر سے احرام باندھ کر نکلا، جدہ شہر میں مکہ جانے کی لیے جو ٹیکسی سٹیند ہے اسے باب مکہ کا نام دیا گیا ہے، وہاں تک پہنچنے کے لیے یا تو آپ ٹیکسی سے جا سکتے ہیں یا پھر لوکل ٹرانسپورٹ والی بس ، جسے حافلہ یا خط کہا جاتا ہے استعمال کر سکتے ہیں۔ باب مکہ میں آپ کو بے شمار ٹیکسیاں اور احرام میں ملبوس افراد نظر آئیں گے جو عمرہ کی غرض سے جا رہے ہوتے ہیں، کچھ افراد اپنے عزیزوں رشتے داروں سے بھی ملنے جا رہے ہوتے ہیں جو پاکستان بھارت اور دیگر ممالک سے عمرہ کرنے کےلیے آئے۔ یہاں ہفتے کے عام دنوں میں جدہ سے مکہ کا کرایہ 10 ریال اور جمعرات جمعہ چونکہ رش زیادہ ہوتا ہے اسلیے کرایہ 15 ریال تک ہوتا ہے۔ سفر کافی آرام دہ اور آسان ہے اور دنیا کی جدید ترین گاڑیاں یہاں دستیاب ہیں جو آپ کو ایک گھنٹہ کے لگ بھگ مکہ پہنچا دیتی ہیں، سعودی حکومت کا ایک اچھا انتظام یہ کہ بس اور ٹیکسی اسٹینڈ عین حرم کے نیچے زمین دوز سرنگوں کے اندر ہے، ٹیکسی سے اترنے کے بعد دو منٹ میںآپ سیڑھیاں چڑھ کر سیدھا حرم کے صحن میں پہنچ جاتے ہیں۔ عمرہ کرنے کے صحیح طریقہ آپ کو کئی چھوٹے چھوٹے کتابچوں میں مل جائے گا، بہتر یہیہوتا ہے کہ آپ ایسی کوئی کتاب یا کتابچہ ساتھ لے ک چلیں ، چونکہ عمرہ کے دوران کی جانے والے عربی دعائیں آپ کے لیے یاد کرنا کچھ مشکل ہو گا اسلیے دوران طواف آپ آسانی سے کتاب سے دیکھ کر پڑھ لیں گے۔طواف کے سات چکر مکمل کرنے کے بعد آپ کو صفا اور مروا کی پہاڑیوں کے بیچ بنے ہوے راستے پر سات چکر لگانے ہوتے ہیں، گھبرائیے مت یہ راستہ پہاڑ راستہ نہیںہے ،بلکہ یہاں بہت خوبصورت انداز میں پتھر کا فرش لگا دیا گیا ہے، یہ راستہ رش بڑھ جانے کی وجہ سے اسی سال پہلے سے دوگناہ کھلا کر دیا گیا اور اس کے اوپر ایک اور منزل بھی بنا دی گئی، اس لیے آپ یہ کام بھی باآسانی کر لیں گے، حرم مکہ میں جگہ جگہ آب زم زم کے کولر رکھے ہیں جب بھی آپ کو تھکن محسوس ہو آپ ٹھنڈا یا درمیانے درجہ حرارت کا پانی پی سکتے ہیں، آب زم زم بڑا فرحت بخش اور تھکن مٹا دینے والا مشروب ہے، یہ الگ بات ہے کہ یہاں کے بڑے بڑے شیخ اس پانی کو چھوڑ کر فرانس اور کینڈا کے چشموں سے نکلا ہوا دنیا کا مہنگا ترین پانی پیتے ہیں، ان کے خیال میں جس پانی کو خریدنے کے لیے زیادہ پیسے دے جائیں گے وہ اتنا ہی خالص اور صحت بخش ہو گا، اور جس پانی کو اللہ تعالی نے اپنے محبوب بندے کے لیے جاری کیا وہ کسی کھاتے میں ہی نہیں ہے۔ خیر اس بات پر کیا کہوں۔
صفا اور مروا پہاڑی کے بیچ سات چکر مکمل کرنے کے بعد آپ جس جگہ پہنچیں گے وہاں سے خارجی دروازہ بالکل پاس ہے، سنت طریقے کے مطابق تو آپ کو استرے سے اپنے سر کے سارے بال صاف کروانے پڑیں گے، یعنی ٹنڈ۔ تاہم اگر آپ کو ٹنڈ پسند نہیں ہے تو آپ صرف بال ترشوا بھی سکتے ہیں یا قینچی سے خود بھی سر کے کچھ بال کاٹ سکتے ہیں۔ ایسا کروانے کے بعد آپ کا عمرہ مکمل ہوتا ہے، اگرآپ گھر یا ہوٹل سے جاتے وقت عام کپڑوں کا ایک جوڑا ساتھ رکھ لیں تو آپ عمرہ مکمل ہونے کے بعد حرم کے وضو خانے میںجا کر لباس تبدیل کر سکتے ہیں ورنہ احرام میںہی اگلی نماز ادا کر کے اپنے اور اپنے احباب کے لیے دعا کر کے واپسی کی راہ لیں۔
نیچے میں اپنی کچھ تصاویر پیش کر رہا ہوں جو میں نے عمرہ کرنے کے دوران بنائی تھیں۔ بہت شکریہ
ماشااللہ !
آپ بہت خوش قسمت ہیں۔
سبحان اللہ۔ بہت مبارک بھائی۔
ماشاالللہ۔۔ ۔
عمرہ مبارک ہو۔۔ ۔
سب احباب کا بہت شکریہ
عمرہ مبارک ہو یاسر
میرے والدین بھی 9 جولائی تا 26 جولائی عمرہ کی سعادت پر تھیں
اللہ ان کا عمرہ بھی قبول فرمائے حج کی سعادت بھی عطا فرمائے
اور ہمیں بھی جلد عمرہ اور حج کی سعادت نصیب فرمائے
شکریہ طارق
ویسے یہ تو بڑی پرانی بات ہو گئی، اس کے بعد ایک دو اور بھی کر چکا ہوں۔
آپ کے والدین کے عمرہ پر جانے کا سن کر بہت خوشی ہوئی، اللہ تعالی ان کی عبادات بھی قبول فرمائے، آمین
والسلام
Pingback: Masjid Nabvi Photography | Yasir Imran Mirza
boht acha likha .Allah ap ko khush rakhe.aur meri kamyabi ki dua kiya karo.thanks