
saudi_arabia_flag_orb
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 12جولائی 2008ء) وفاقی وزیر خزانہ نوید قمر نے کہاہے کہ سعودی عرب تیل کی مد میں پاکستان کے ذمہ واجب الادا پانچ ارب ڈالر سے زائد رقم کی ادائیگی موٴخر کرنے پر اصولی طور پر رضامند ہوگیاہے ۔ اسلام آباد میں برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ رواں مالی سال کے دو ماہ جون اور جولائی میں خام تیل کی مد میں واجب الادا رقم پانچ ارب نوے کروڑ سے زائد ہوجائے گی اور اس سلسلے میں سعودی عرب سے معاہدہ کیا جائے گا جس کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ ادھر وزارت پیٹرولیم کے حکام کا کہناہے کہ یہ رقم آئندہ سال تک موٴخر کی جائے گی۔ دوسری جانب ایک مغربی سفارتکار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب موٴخر رقم پاکستان سے وصول نہیں کرے گا کیوں کہ انیس سو اٹھاسی میں جوہری دھماکوں کے بعد پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لئے دئیے گئے تیل کی رقم بھی آج تک وصول نہیں کی گئی ہے ۔
News Source: Urdupoint.com (12 Jul 2008)






